پہچان۔امجداسلام امجد

پہچان۔امجداسلام امجد

پہچان

نیشنل سٹاف کالج میں اعلیٰ افسران کی اعلیٰ تر گریڈوں میں ترقی کے حوالے سے سارا سال ہی مختلف طرح کے کورسز ہوتے رہتے ہیں جن کے ضمن میں اُن کی تربیت اور صلاحیت کے معیار کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر لیکچرز کے لیئے متعلقہ شعبے کے ماہرین کو لیکچر یا مذاکرے کے لیئے مدعو کیا جاتا ہے مجھے کئی بار مختلف گروپس کی ادبی کمیٹیوں کی دعوت پر شعر و ادب پر گفتگو کرنے اور شاعری سنانے کے لیئے وہاں جانے کا مو قع ملتا رہتا ہے لیکن اس بار مجھے اور منیزہ ہاشمی کو ایک ایسے موضوع پر لیکچر اور مذاکرے کے لیئے مدعو کیا گیا تھاجو ہم دونوں میں سے کسی کا بھی مرکزی حوالہ نہیں تھا۔

 کہا گیا کہ ہم وطنِ عزیز میں تفریح، وقت گزاری اور اجتماعی خوشی کے مظاہر پر گفتگو کریں اور یہ بھی بتائیں کہ ہمارے معاشرے میں خوشی اور خوشدلی کی جگہ ایک دوسرے سے دُوری اور عمومی چڑچڑاہٹ نے کیوں اور کیسے لے لی ہے اب عملی صورتِ حال یہ تھی کہ ہمارے بیشتر سامعین تعلیم، تربیت، تجربے اور ذہانت کے اعتبار سے اس موضوع پر شائد ہم دونوں سے زیادہ باخبر تھے اس پروگرام کا پہلا حصہ میرے اور منیزہ کے اس موضوع پر لیکچرز کے لیئے رکھا گیا تھا اپنے تدریسی تجربے کی بنیاد پر میں اکثر کہا کرتا ہوں کہ اگر کسی پروفیسر کو کسی موضوع سے معقول واقفیت نہ بھی ہو تب بھی وہ 45منٹ تک کا پیریڈ تو نکال ہی لیتا ہے مگر اس محفل میں یہ گمان بھی کسی کام نہ آیا کہ ایسے پڑھے لکھے اور زمانہ آشنا سامعین کے سامنے اس وکھری ٹائب کے موضوع پر 45منٹ بولنا کسی پہاڑ کاٹنے سے کم نہیں تھا۔

 سو میں نے یہی بہتر جاناکہ ابتدا میں ہی کھلے دل سے اس کا اعتراف کرلیا جائے کہ میرے پاس اس موضوع پر باقاعدہ لیکچر دینے کی استطاعت نہیں ہے البتہ کچھ بے ترتیب سے خیالات اور آدھی اُدھوری معلومات سے ضرور کام لیا جاسکتا ہے۔ اب چونکہ اس سوال کا تعلق پاکستان اور پاکستانی عوام سے تھا اس لیئے میں نے عرض کیا کہ معاشرے کی سطح پر مِل جُل کر خوش دلی اور خوش وقتی کا تعلق بیک وقت تاریخ اور روائت سے بھی ہے مذہب اور مذہبی عقائد سے بھی کھیل اور جسمانی تفریح سے بھی اور چونکہ ہم لوگ برصغیر میں  پید اہوئے جہاں ہمارے %90 بزرگ کچھ نسلیں پہلے تک ہندومت یا کسی اور مذہب یا عقیدے سے تعلق رکھتے تھے اس لیئے جدید سائنسی معلومات کے مطابق مذہب کی تبدیلی کے باوجود تہذیب، کلچر اور معاشرے کی سطح پر ہمارے DNAمیں ہمارا ماضی بھی کسی نہ کسی حد اور شکل میں زندہ اور موجود ہے اور وہ اپنے ہونے کا اظہار بھی کرتا رہتا ہے مثال کے طور پر بسنت کا تہوار مذہب اور عقیدے کی تفریق سے قطع نظر ہمارے دیہاتوں میں فصلوں کے کٹنے اور موسم بہار کی پیشوائی کے لیئے منایا جاتا تھا اور اس کا اثر شہروں پر بھی نظر آتا تھا جہاں لوگ میدانوں اور گھروں کی چھتوں پر پتنگ بازی کرتے تھے اور یہ کھیل یا شوق مالی اور معاشی اعتبار سے بھی سستا ہونے کے باعث اجتماعی سطح پر ایک اظہارِ مسّرت کا مقبول ذریعہ اور اظہار بھی کرتا تھا تحریکِ پاکستان کے دنوں میں جہاں اور بہت سے عوامی اظہار کے ذرا  ئع پر ہندو پانی اور مسلم پانی کی طرح ایک مذہبی تعصب اپنا رنگ جمانے لگا وہاں اُردو پر مسلمانوں کی زبان اور بسنت پر ہندو تہوار کا ٹھپہ لگا دیا گیا لیکن عوامی سطح پر اس تفریق کو سرحد کے دونوں طرف مقبولیت حاصل نہ ہوسکی البتہ جو کام دونوں طرف کے تنگ دل اور تنگ نظر لوگ نہ کرسکے وہ بعد میں نام نہاد ماڈرن اور زندہ دل لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے فائیو سٹار ہوٹلوں کی چھتوں پر بسنت کے تہوار کو اصراف، نمائش اور کسی حد تک عیاشی کا مظہر بنا دیا گیا اور یہ عوامی اور سستا شوق طبقہٌ اُمرا کے لیئے ایک مہنگی اور نمائشی تفریح بن کر اپنی اصل روح سے دُور ہوتا گیا رہی سہی کسر اُس قاتل اور انتہائی تیز ڈور کے رواج نے پوری کردی کہ اس سے راہ جاتے بے قصور لوگوں کے گلے کٹنے لگے۔


 کم و بیش یہی واقعہ کھیل کے میدانوں، عوامی میلوں، مذہبی عُرسوں اور قومی میڈیا کے ساتھ اپنے اپنے انداز میں پیش آیا کہ ان میں عوامیت کی جگہ گروہ بندی نے لے لی سادگی کی جگہ نمائش اور دنیا داری اور مذہبی عقیدے کی جگہ انتہا پسندی اور تفریق نے لے لی۔ مجھے اچھی طرح یادہے ہمارے بچپن میں لاہور سے محرم کا جو مرکزی جلوس نکلتا تھا اس کے راستے میں سُنی عقیدے کے لوگ دودھ اور پانی کی سبیلیں لگاتے تھے سکولوں، کالجوں، بازاروں، ملازمتوں اور رشتوں میں کبھی اس فرق کو مسئلہ نہیں بنایا جاتا تھا مگر پھر ہم نے ہی وہ منظر بھی د  یکھے کہ لوگ عقیدے کے فرق کی وجہ سے مخالف دھڑوں میں بٹ گئے اور معاشرے کا حسن غارت ہوتا چلا گیا۔ کھیل کے میدانوں پر لینڈ مافیا کاقبضہ ہوگیااورہمارے نظامِ تعلیم سے اپنی تہذیب، کلچر اور زبان کو اس بُری طرح سے خارج کر دیا گیا کہ ایک پوری کی پوری نسل اپنے تہذیبی تشخص سے محروم ہوگئی۔

 
ہمارے لیکچرز کے بعد چائے کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد ایک گھنٹہ سوال و جواب کا سیشن ہوا جو بہت دلچسپ اورمعلومات افزا تھا کہ بیشتر سوالوں میں اُس تہذیبی زوال کو سمجھنے کی کوشش کی گئی تھی جس نے معاشرے کے ہونٹوں سے ہنسی اور آنکھوں سے ایک دوسرے کے لیئے محبت اور احترام کو ایک قصہئ ماضی بنا دیا سب سے زیادہ زور نئی نسل اور انٹرنیٹ سے منسلک چیزوں کا ہماری نئی نسل پر مرتب ہونے والے اثرات سے تھا عمومی روّیہ یہی ٹھہرا کہ ٹیکنالوجی سے انکار یا مقابلہ ممکن نہیں۔

 ہمیں اس نے ساتھ رہ کر اور اس کے اندر سے ایسی چیزیں منتخب کرنے پر توجہ دینی چاہیئے جو اگرپُل کا نہیں تو ایک جزوی اتفاق ہی کا ذریعہ بن سکیں تاکہ ہماری نئی نسلیں اپنی پرانی اور اجتماعی خوشیوں اور تہذیب کی خوشبو سے بالکل ہی دُور اور بے خبر نہ ہوجائیں اور یہ کہ ہمیں اپنے روائتی میلوں اور تہواروں کو سرکاری سرپرستی بھی فراہم کرنی چاہیئے کہ ان کی موجودگی سے بلاشبہ معاشرے میں ایک توازن اور شناخت کا احساس پھر سے اپنی جگہ بنا سکے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *