تقلید کے قابل-امجداسلام امجد

تقلید کے قابل

تقلید کے قابل

کراچی آرٹس کو نسل نے یکم سے چار دسمبر تک اپنی پندرہویں سالانہ اُردو کانفرنس منعقد کرکے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اچھے کام بُرے سے بُرے حالات میں بھی نہ صرف کیے جاسکتے ہیں بلکہ ان کی پیش کش کے انداز کو دوسروں کے لیے مثالی بھی بنایا جا سکتا ہے مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ اب سے بیس پچیس برس پہلے تک اس آرٹس کونسل کی عمارت اور کارکردگی دونوں کسی بھوت بنگلے اور اس میں موجود سناٹے سے کم نہیں تھے مجھے اس سے کچھ عرصہ قبل ڈپیوٹیشن پر چار سال پنجاب آرٹ کونسل میں ڈرامے ا ور لٹریچر کے حوالے سے اس کی ڈپٹی ڈائریکٹری کا شرف حاصل ہوا تھا اور ہماری ضلعی آرٹ کونسلوں کی کارکردگی بھی شائد اس سے بہتر تھی جس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جاتی تھی کہ کراچی آرٹ کونسل ایک پرائیوٹ اور عوامی ا دارہ ہے جسے حکومت کی طرف سے نہ ہونے کے برابر امداد ملتی ہے جبکہ پنجاب آرٹ کونسل سوفیصد سرکاری گرانٹ سے چلنے والا ادارہ تھی ممکن ہے یہ دلیل اس بھر م کو قائم رکھتی مگر ہوا یوں کہ شائد مانسہرے کا ایک نوجوان کراچی یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنے کے بعداپنے خاندانی بزنس تک اپنی خداداد انتظامی صلاحیتوں کو محدود رکھتا مگر اس کی شعر وادب سے وابستہ طبیعت اُسے آرٹس کونسل کی طرف لے آئی اور پھر سب نے دیکھا کہ کس طرح اس نوجوان نے نہ صرف اس جنگل کو منگل بنایا بلکہ ہر آنے والے سال کے ساتھ اس کی حالت بہتر ہونا شروع ہو گئی آج سے پندرہ سال قبل اُ س نے پہلی اُردو ادبی کانفرنس کا ڈول ڈالا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ نہ صرف یہ کامپلکس کئی شاندار عمارتوں، آڈیٹوریمز ہالز اور اوپن ائیر تقریبات کی آماجگاہ بن گیا بلکہ پورا سال یہاں آرٹ، ادب اور موسیقی سے متعلق تقریبات کا میلہ سا لگنے لگ گیا۔

 
جی ہاں اُسی انقلاب آفرین شخص کا نام احمد شاہ ہے اس کے مخالفین اس پر مختلف طرح کے الزامات بھی عائد کرتے رہتے ہیں جن کی تفصیل میں میں اس لیئے نہیں جانا چاہتا کہ میرا واسطہ اس احمد شاہ سے ہے جس نے ا س آرٹ کونسل کو ایک قابل رشک مثال بنا کر دکھا دیا ہے جہاں تک ا س کی ذات پر عائد کردہ الزامات کا تعلق ہے ان کی مضبوطی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ اور اس کا پینل ہر بار سالانہ انتخابات میں پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوتے ہیں ہم لوگ جو دوسرے شہروں اور ملکوں سے وہاں کسی تقریب میں شامل ہونے کے لئے آتے ہیں وہ یہی دیکھ کر خوش اور متاثر ہوتے ہیں کہ وطنِ عزیز میں کوئی تو ایسا ادارہ ہے جو اپنے مشن کو پروموٹ کرنے کے ساتھ ساتھ خود بھی آگے بڑھ رہا ہے تو ایک خوش گوار تاثر لے کر واپس جاتے ہیں احمد شاہ اور اس کے ساتھی یہ سب کچھ کس طرح سے کر رہے ہیں یہ جاننا ہمارا چائے کا کپ نہیں ہے اور یوں بھی سنی سنائی باتوں کی بنیاد پر کسی باہر کے آدمی کا اس میں دخل دینابنتا بھی نہیں۔


ہمیشہ کی طرح اس بار بھی آرٹ کونسل نے متوقع مندوبین سے کئی ماہ قبل رابطہ کرکے انہیں کانفرنس کی مجوزہ تاریخوں سے آگاہ کردیا تھا تاکہ وہ ان دنوں میں اس تقریب میں شرکت کے لئے تیار رہیں اس چار روزہ کانفرنس میں جن موضوعات پر بات کی گئی صرف ان کی فہرست دیکھنے سے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ اس پھیلاؤ کو کس خوب صورتی اور محنت سے سمیٹا گیا ہے پہلا روز حسبِ معمول افتتاحی اجلاس کے لئے مخصوص تھا مگر اس میں بھی ”اقبال اور قوم“، ”اُردو کا شاہکار ادب“ اور قوالی ”آہنگ خسروی“ کا اضافہ کرکے اسے مزید دلچسپ بنا دیا گیا تھا جبکہ دوسرے دن کے پروگراموں کی تفصیل کچھ اس طرح تھی۔

۱۔ اُردو کا نظامِ عروض۔۔ضروری غیر ضروری
۲۔ اکیسویں صدی میں اُردو فکشن
۳۔ اکیسویں صدی میں تقدیسی ادب
۴۔ یاد رفتگاں
۵۔ تین شاعر
۶۔ امجد اسلام امجد۔ شاعرِ خوش نوا
۷۔ اکیسویں صدی میں پشتو زبان و ادب
۸۔ کتابوں کی رُونمائی
۹۔ اُردو صحافت کی دو صدیاں
۰۱۔ اکیسویں صدی میں سرائیکی زبان و ادب
۱۱۔ یارک شائر ادبی فورم
۲۱۔ کلیاتِ جالب
۳۱۔ مشاعرہ

جبکہ دوسرے دن کے پروگرام کچھ اس طرح تھے۔

۱۔ اکیسویں صدی میں اُردو شاعری
۲۔ اکیسویں صدی میں بچوں کا ادب
۳۔ اُردو کی نئی بستیاں
۴۔ تقریب رُونمائی۔عکسی مفتی
۵۔ کتابوں کی رُونمائی
۶۔ سیّد محمد جعفری
۷۔ پاکستان۔تعلیم کی صورتِ حال
۸۔ اکیسویں صدی میں پنجابی زبان و ادب
۰۱۔ خواتین ا ور ہمارا سماجی روّیہ
۱۱۔ سلمان گیلانی سے گفتگو
۲۱۔ کلامِ شاعربزبان نصرت علی
۳۱۔ اکیسویں صدی میں بلوچی زبان و ادب
۴۱۔ پاکستان آج اور کل
۵۱۔ رُونمائی۔ سٹیفن ایم لیون کی کتاب
۶۱۔ مشاعرہ
اور اب چوتھے دن کے پروگراموں کی تفصیل
۱۔ اکیسویں صدی میں اُردو تنقید
۲۔ شوکت صدیقی کے سو سال
۳۔ مشتاق احمد یوسفی۔یادیں۔ باتیں
۴۔ کتابوں کی رُونمائی
۵۔ اکیسویں صدی میں سندھی زبان و ادب
۶۔ نیا میڈیا۔ نئے تقاضے
۷۔ سخنِ افتخار
۹۔ اکیسویں صدی میں فنون کی صورتِ حال
۰۱۔ اختتامی اجلاس
۱۱۔ رقص کا سفر
۲۱۔ استاد حامد علی خان

یہ تمام پروگرام آرٹس کونسل کی عمارت کے اندر ہی مختلف وینیوز پر پیش کئے گئے جن میں بِلامبالغہ ہزاروں نوجوانوں اور شائقینِ ادب نے بھر پور شرکت کی ادب اور کتاب کی مرتی ہوئی روائت کے بارے میں جو خدشے تواتر سے دوہرائے جاتے ہیں کم از کم ان محفلوں کی حد تک وہ سراسر غلط اور خیالی محسوس ہونے لگتے ہیں اب ضرورت اس بات کی ہے سارے صدیوں میں موجود اور قائم شعر و آرٹ کونسلیں کراچی آرٹ کونسل کی قائم کردہ اس روائت کو نہ صرف اپنا ئیں بلکہ آگے بھی پھیلائیں کہ یہ واقعی ایک قابلِ تقلید کام ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *