عکسِ خوشبو-امجداسلام امجد

عکسِ خوشبو-امجداسلام امجد

عکسِ خوشبو

اگرچہ یہ بات سولہ آنے سچ ہے کہ پروین شاکر کو ہم سے بچھڑے 27برس ہوگئے ہیں مگر یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ وہ اپنے دوستوں، رفیقانِ ادبی سفر اور بے حد و حساب سخن فہم خواتین وحضرات کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے 1995ء سے لے کر اب تک ہر برس اُس کے یومِ وفات کے حوالے سے پروین شاکر ٹرسٹ ایک بے حد منظم، مرتب اور باوقار اندازمیں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کرتا ہے جس میں اُس سال چھپنے والے نمبر میں بہترین شعر ی مجموعے پر ”عکسِ خوشبو“ ایوارڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔2014ء سے اس میں فکشن اور 2016 سے ممبرز چوائس ایوارڈ کا اجرا بھی کیا گیا ہے ٹرسٹ کی چیئر پرسن محترمہ پروین قادر آغا کی نگرانی اور ان کے ٹرسٹی رفقا کے تعاون اور محنت سے ہر برس یہ تقریب پچھلے ایوارڈ سے زیادہ بہتر اندازمیں منعقد کی جاتی ہے جس کا سب سے زیادہ کریڈٹ مشہور افسانہ نگار اور ادبی شخصیت مظہر الاسلام کے سر ہے کہ جس کا حُسنِ ذوق نہ صرف اپنی مثال آپ ہے بلکہ ہر برس وہ اس کا مظاہرہ ایسی خوبصورتی سے کرتا ہے کہ اُس کی طباعی اور پیش کردہ کمالات کی داد واجب ہوجاتی ہے 28دسمبر کو اسلام آبادمیں منعقد ہونے والے ایوارڈز فنکش میں بروشر سے لے کر پورے پروگرام کی ترتیب اور ایوارڈ کے بہت مختلف انداز کے ڈیزائن میں اُس کی تخلیقی صلاحتیں پورے عروج پر نظر آئیں۔ٹرسٹ کی چیئرپرسن پروین قادر آغا، سیکرٹری رعنا سیرت اور انتظامی کمیٹی جس محبت، محنت اور سلیقے سے اس تقریب کا اہتمام کرتی ہے بلاشبہ وہ پروین شاکر کے شایانِ شان ہے اور یقینا اس کی رُوح اس سے خوش ہوتی ہوگی۔

گزشتہ برس کووڈ کی وجہ سے اس تقریب کو موخر کردیا گیا تھا یوں اس بار کے ایوارڈ ز میں 2019ء کے فاتحین کو بھی شامل کر لیا گیا تھا لیکن بات یہیں ختم نہیں ہوتی کہ اس بار نہ صرف ٹرسٹ کی طرف سے ”حُسنِ فن“ کے نام سے ایک خصوصی ایوارڈ کا اضافہ کیا گیا بلکہ کئی ایسے ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے جو بعض معتبر اور ادب دوست افراد نے اپنے کسی عزیز کے نام سے جاری کئے ہیں جیسے ہمارے محترم رضا ربانی نے اپنے والد محترم کے نام سے ”میاں عطاربانی“ ایوارڈ کو سپانسر کیا جس کا عنوان”سدا بہار کتاب2020“ تھا اور جس کی حق دار ہم سب کے اہم اور مقبول فِکشن رائٹر مستنصر حسین تارڑ کی مشہورِ زمانہ کتاب ”خس و خاشاک زمانے“ ٹھہری اسی طرح ”منیر ادبی ایوارڈ“ ترکی کے پروفیسر ڈاکٹر داؤد شہباز کو مظہر الاسلام کے بیس افسانوں کے ترکی تراجم پر مشتمل کتاب کے حوالے سے اُن کی خدمت میں پیش کیا گیا جبکہ یونس سیٹھی وفا ادبی ایوارڈ کے نام سے عہد ساز ڈرامہ نگار اور ادبی نقّاد اصغر ندیم سیّد سلطان محمود قاضی ایوارڈ،عمدہ فِکشن رائٹر طاہرہ اقبال، شیخ عبدالقادر ایوارڈ باکمال شاعر شاہین عباس، بیگم سرفراز اقبال ایوارڈ ڈاکٹر شاہدہ اسرار اور ڈاکٹر محمد امین(ہائکو فیم) اور سنگِ میل پبلی کیشنز کی طرف سے جاری کردہ ایوارڈ سعید احمد کو نیاز احمد ادبی ایوارڈ کے نام سے پیش کیا گیا۔

جہاں تک ٹرسٹ کے اپنے یعنی ”عکسِ خوشبو“ ایوارڈز کا تعلق ہے تو یہ شعیب خالق کو اُن کی کتاب ”چھتری نما کہانیاں“، شازیہ اکبر کو اُن کے شعری مجموعے”چاک پر رہنے دو مجھ کو“اور عزیزی رحمن فارس کو اُس کی اولین شعری مجموعے ”عشق بخیر“پر ملاجبکہ فکشن میں یہ ایوارڈ محمد جمیل اختر کی کتاب ”ہندسوں میں بٹی زندگی“ اورممبرز چوائس ایوارڈ کینیڈا میں مقیم شاعر اسد نصیر کی کتاب ”مجھے تم سے محبت ہے“ کے حصے میں آیا۔”حُسنِ فن“ ایوارڈ چونکہ خود مجھے دیا گیا ہے اس لئے میں اس کا ذکر سب سے آخر میں کر رہا ہوں اور اس تجویز کے ساتھ کہ اگلے برس اس فہرست میں شاعر اور فکشن رائٹر دونوں کو شامل کر لیا جائے تو زیادہ مناسب ہوگا۔

کورونا سے صحت یابی کے بعد یہ میرا لاہور سے باہر پہلا سفر تھا ایک تو یہ کم بخت وائرس ہے ہی بڑا زہریلا اور پھر میری عمر کے لوگوں کو تو یہ کم کم ہی معاف کرتا ہے لیکن معافی کے بعد بھی یہ اپنی یادیں اتنی گہری چھوڑ جاتا ہے کہ انسانی بدن کو انہیں بھلانے کے لئے کئی کئی مہینے کمزوری کے عفریت سے لڑنا پڑتا ہے مختلف حوالوں سے مجھے کئی بار سٹیج پر چڑھنا اُترنا پڑا جس کی وجہ سے تھکن اس قدر غالب آگئی کہ مجبوراً مجھے لنچ کے بعد کے لئے معذر ت کرنا پڑی کہ ساڑھے نو سے اڑھائی بجے تک کے پانچ گھنٹوں کے بعد ٹانگیں اور ہمت دونوں بہت مشکل میں آچکے تھے۔

دو تین برس قبل ٹورانٹومیں پروین کے بیٹے مراد عرف گیتو سے ملاقات ہوئی تو اُس کی کامیابیاں دیکھ کر ایک بار پھر میرے دل سے پروین قادر آغا کے لئے دُعا نکلی کہ انہوں نے اسی ٹرسٹ کی معرفت ہمارے اس  پیارے بھانجے کو زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنے کے قابل بنایا اور پروین شاکر سے اپنے نام کی مناسبت سے قطعِ نظر ایک ماں کی طرح اُس کی تربیت کی۔پروگرام کے شروع میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب ماشا ء اللہ مراد خود اس ٹرسٹ کے لئے بہت معقول مالی معاونت کرتا ہے۔ملاقات کے دوران اس نے مجھے یاد دلایا کہ جب وہ چھ سات برس کا تھا تو میں نے اُسے زبردستی چائنیز سُوپ پلوایا تھا اور پھر بہت   پیار اور لاڈ سے بولا کہ اب میں جب بھی پاکستان آؤں گا آپ مجھے ضرور اُس ہوٹل میں لے کر جانا وہاں ہم مل کر اُس کی ماں پروین شاکر کے بارے میں اس طرح باتیں کریں گے جیسے وہ بذاتِ خود اُس محفل میں شریک ہو۔ پروین شاکر کی یاد کو زندہ رکھنے میں اس ٹرسٹ کی خدمات ہم سب کے لئے ایک خوبصورت  پیغام بھی ہے کہ اپنے بچھڑ جانے والے پیاروں کو یاد رکھنے اور یاد کرنے سے دنیا کے بوجھ کی ماری ہوئی روح کھل کررو لینے کے بعد والی آنکھوں کی طرح شفاف اور ہلکی ہوجاتی ہے یقین نہ آئے تو تجربہ کرکے دیکھ لیجئے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *