بہار کا استقبال-امجداسلام امجد

بہار کا استقبال-امجداسلام امجد

بہار کا استقبال

اگلے وقتوں میں کلاسیکی شعرا ء کے یہاں بہار کی آمد کا استقبال بہت مختلف اندازمیں کیا جاتا تھا کہ پُھولوں کے رنگ اور بادِ صبا کا خرام دُکھے دلوں میں یادوں کے جلتے دیوں کی لو مزید بلند کر دیتا تھا اور میرؔ صاحب گھبرا کر کہہ اُٹھتے تھے

کچھ کرو فکر مجھ دوانے کی
دھوم ہے پھر بہار آنے کی

اور کبھی وہ بہار کا رشتہ اپنے درد کے ساتھ یوں بھی جوڑتے تھے کہ

اب کے جنوں میں فاصلہ شائد نہ کچھ رہے
دامن کے چاک اور گریباں کے چاک میں

مزے کی بات یہ ہے کہ موسم بہار کا یہ کردار عالمی سطح پربھی کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے بیسویں صدی کے سب سے بڑے انگریز شاعر ٹی ایس ایلیٹ اس کا ذکر کچھ اس طرح سے کرتے ہیں

April is the Cruallest month
Breeding lilacs out of dead land
mixing desire and memory.

لیکن آج کل اس کی جو شکل عمومی طور پر معروف اور مقبول ہے اسے جشنِ بہارا ں کا نام دیا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ گزشتہ تقریباً نصف صدی سے وقفوں کے بعد ہی سہی لیکن اس موسم کا استقبال سرکاری اور عوامی سطح پر بھی ایک خوش کن اور مثبت اندازمیں کیا جاتاہے اتفاق سے اس برس سردی کے خاتمے کے بعد ایک دم ہی گرمی شروع ہوگئی ہے ا ور درمیان کا مختصر بہار کا موسم صرف جشنِ بہاراں کی تقریبات تک ہی محدود ہوکر رہ گیا ہے جن میں ہارس اینڈ کیٹل شوز اور ادبی تقریبات بالخصوص مشاعروں کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ادبی تقریبات کی بہتات کی دو اور وجہیں کووڈ کا خاتمہ اور رمضان کی آمد بھی ہوسکتی ہیں کہ اپریل کے آغازمیں رمضان کا آغاز ہو رہا ہے اور دو سال بعد لوگوں کو مجمعے کی شکل میں کھل کر شامل ہونے کا موقع مل رہا ہے۔

 
اس سلسلے کا آغاز 6مارچ کو الحمرا میں فیض میلے کے مشاعرے سے ہوا ایک دن کے وقفے کے بعد 8مارچ کو ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں ایک خوب صورت محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر کنول امین جو نئی نسل کے محبوب گلوکار علی ظفر کی والدہ بھی ہیں ہماری میزبان تھیں طالبات کی کثرت اور ذوق وشوق دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ اب ہماری نسل نو زیادہ تر شاعری سے رابطہ بھی سوشل میڈیا کے ذریعے بحال رکھے ہوئے ہے جو اُن کے ذوق کی اصلاح سے زیادہ اُس کی خرابی کا باعث بن رہا ہے۔

 کرنل (ریٹائرڈ) شجاعت قریشی نے (جو میرے داماد ناصر منیف قریشی کے بڑے بھائی بھی ہیں) بہت سلیقے سے اس پروگرام کی پلاننگ کی تھی سو شاعر اور سامعین دونوں ہی جی بھر کر لطف اندوز ہوئے۔ 9مارچ کی شام میری مادرِ علمی اسلامیہ کالج سول لائنز میں ایک بھر پور مشاعر ے میں شرکت کا موقع ملا جو ذاتی طور پر میرے لئے ایک بے حدخوش گوار تجربہ تھا کہ ا س کالج کے درودیوار میں میرا وہ زمانہ گزرا ہے جس میں نہ صرف میری ادبی تربیت ہوئی بلکہ مجھے یہ اعتماد بھی حاصل ہوا کہ میرا مستقبل شعرو ادب ہی سے وابستہ ہے اس مشاعرے میں سٹیج پر نشست کے دوران مجھے کئی بار یوں محسوس ہوا کہ میں نصف صدی قبل کے اس ”شمعِ تاثیر“ مشاعرے کے سٹیج پر ہوں جس کا اہتمام مجھے بزمِ فروغ اُردو کے جنرلِ سیکرٹری ہونے کے حوالے سے کرنے کا موقع ملا تھا اگلے روز یعنی 10مارچ کو منصور آفاق نے حکومتِ پنجاب کے تعاون سے مجلسِ ترقی ادب کے دفترسے ملحقہ باغ میں ایک بھر پور محفلِ مشاعرہ ترتیب دی جس میں بہت اچھی شاعری سُننے کا موقع ملا اور کچھ وقت اس کمرے میں بھی گزرا جہاں احمد ندیم قاسمی مرحوم بیٹھا کرتے تھے اور ہر نسل کے شاعر اور ادیب اُن سے کسبِ فیض کرتے تھے اس سے اگلے روزبلکہ رات والڈ سٹی کی طرف سے برادرم کامران لاشاری نے شاہی قلعہ لاہور میں ایک ایسی منفر د شعری محفل کا اہتمام کیا جس کے دوران اردگرد کے ماحول کی وجہ سے یوں لگا جیسے ہم سچ مچ گزرے وقت میں سانس لے رہے ہیں۔

 
12مارچ کو پھر، نئی نسل کے ساتھ مکالمے کا موقع ملا اس مشاعرے کا انتظام گورنمنٹ اسلامیہ کالج کینٹ کی پرنسپل نسرین آفتاب نے کیا تھا اور جو کووڈ کی وجہ سے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد ظہور پذیر ہوئی مگر لطف کی بات یہ ہے کہ آغاز سے اختتام تک ا س محفل میں جس خوش سلیقگی، مہمان نوازی، شعرا کے احترام ا ور نظم و ضبط کا اظہار اور اہتمام کیا گیا جس نے نہ صرف گزشتہ محفل کی یاد تازہ کردی بلکہ خوش گو ار احساس کے بہت سے نئے در بھی وا کردیئے۔ 13مارچ کا پورا دن تین مسلسل تقریبات میں بٹا ہوا تھا دوپہر کو میری نواسی زیبندہ عاقب کی نیم منگنی نما ایک تین براعظموں پر پھیلی ہوئی خوبصورت تقریب تھی جس کا مقصد اس بات کا اعلان اور اظہار کرنا تھا کہ میری بیٹی روشین نے اپنی بچپن کی سہیلی کنول رفیع کے ساتھ ایک ا ور رشتے کا آغاز کیا ہے اور وہ یہ کہ کنول کا بیٹا دانیال اور روشین کی بیٹی زینبدہ انشاء ا للہ شادی کے رشتے میں بندھ کر ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ دونوں خاندانوں کے لئے بھی خوشی اور محبت کی ایک نئی داستان رقم کریں گے۔


سہ پہر کو فرحت پروین نے بینا گوئندی کی نئی کتاب ”بصدِاحترام“کے حوالے سے ایک محفل کا اہتمام کیا جو بہت پُر لطف رہی اور اس بات کا خصوصیت سے ذکر ہوا کہ ہمارے معاشرے اور بالخصوص ریاست میں باہمی احترام تقریبا ً ختم ہوکر رہ گیا ہے اور بینا کی کتاب کا یہ عنوان ہم سب کے لئے ایک لمحہئ فکریہ ہے۔


14مارچ کو ریس کورس پارک لاہور میں PHA کی طرف سے ایک بہاریہ مشاعرے کا اہتمام تھا مشاعرے کے بعد شاعروں کو کھانے اور گھمانے کے لئے پارک میں لگے میلے کی پُرلطف سیر کرائی گئی اور یوں بہاریہ مشاعروں کا یہ سلسلہ لاہور کی حد تک مکمل ہوا اب 19اور 22 مارچ کو کراچی میں اسی روائت کے تسلسل میں دو مشاعرے ہوں گے جن کی روداد انشاء اللہ اگلے کسی کالم میں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *