نیا سال، نیا کیسے ہو-امجداسلام امجد

نیا سال، نیا کیسے ہو؟

نیا سال، نیا کیسے ہو؟

یہ کوئی 45برس پہلے کی بات ہے میں ان دنوں ڈپیوٹیشن پر نئی نئی قائم ہونے والی پنجاب آرٹس کونسل میں ڈرامے اور ادب کے شعبوں کو دیکھ رہا تھا ہمارا دفتر مال روڈ کی مشہور فری میسن بلڈنگ میں تھا جہاں آج کل وزیر اعلیٰ پنجاب کا دفتر ہے۔ 30دسمبر کو سینئر ادیبہ حجاب امتیاز علی کی طرف سے ایک کارڈ ملا کہ کیوں نہ31دسمبر یعنی سال کے آخری دن کاغروبِ آفتاب مل کر دیکھاجائے پہلی نظر میں یہ بات بہت عجیب سی لگی کہ استقبال تو آنے والے یعنی نئے سال کا ہونا چاہئیے یہ آخر ی غروب آفتاب کی خاطر خدمت چہ معنی دارد۔ بات میزبان یعنی محترمہ حجاب کے مزاج کی انفرادیت پر آکر رک گئی کہ وہ ہمیشہ سے چونکانے والی باتیں کرتی چلی آرہی تھیں۔

 ہم وہاں پہنچے تو غروب آفتاب کے بعد مگر ایک بہت خوشگوار حیرت کو وہاں اپنا منتظر پایا کہ بہت سی نامور شخصیات کے ساتھ فیض صاحب بھی اپنی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ وہاں موجود تھے ظاہر ہے جہاں اتنے بہت سارے اہلِ قلم جمع ہوں وہاں مشاعرے کی کوئی نہ کوئی صورت نکل ہی آتی ہے لیکن اس مختصر مشاعرے کی یادگار بات یہ تھی کہ فیض صاحب نے اپنے تازہ کلام سے بھی فیض یاب ہونے کا موقع دیا۔ آگے چل کر خود مجھے کیلنڈر سال کے گزرنے پر مختلف حوالوں سے بہت کچھ لکھنے کا موقع ملا اور عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ دسمبر کے آخری دنوں کے بھی بہت سے رُوپ سامنے آئے بلکہ ایک نظم تو جس کاعنوان ہی ’آخری چند دن دسمبر کے“ ہے اتنی مقبول ہوئی کہ گزشتہ پندرہ بیس برس سے یہ ہر دسمبر میں درجنوں پوسٹوں میں شامل ہوتی ہے بلکہ ابھی دودن قبل ممبئی سے برادرم گلزار کا واٹس ایپ ملا جس میں انہوں نے بھارت کے مشہور اُردو اخبار ”انقلاب“ میں اس کی اشاعت کی کٹنگ بھیجی ہے۔

میں گزشتہ دوہفتوں سے ٹخنے میں فریکچر کی وجہ سے پلاسٹر میں لپٹے پاؤں کے ساتھ 24گھنٹے گھر پرہی پڑا ہوں سو نہ چاہنے کے باوجود بھی ٹی وی چینلز کی دشت نوردی کرنا ہی پڑتی ہے جو کچھ وطنِ عزیز میں ہو رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے مگر مزید افسوس کی بات یہ ہے کہ سیاسی سماجی معاشی اخلاقی ہر طرح کے حالات دِگرگوں تو ہیں مگر کسی کو ان کی بہتری کی فکر نہیں کہ سیاسی پارٹیوں اور میڈیاکے نزدیک اصل مسئلہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانا اور ماحول کو اس شدید سردی میں کسی طرح سے گرم رکھنا ہے چاہے اس کی وجہ سے نفرتیں، غلط فہمیاں،خود غرضیاں اور دُوریاں مسلسل بڑھتی ہی کیوں نہ چلی جائیں مجھے تاریخ پڑھنے کے ساتھ ساتھ دنیاکے بہت سے معاشروں کوعملی طور پربھی دیکھنے کا موقع ملا ہے اس رُوئے زمین پر کہیں بھی کوئی ایسا علاقہ یا معاشرہ نہیں جس کو مختلف النوع مسائل کا سامنا نہ ہو ہماری خوئے غلامی ٹھوس پلاننگ کی عدم موجودگی اور جیوپولیٹیکل پوزیشن کی وجہ سے ہمارے مسائل یقینا زیادہ بھی ہیں اور نسبتاً اُلجھے ہوئے بھی مگر افسوس اور حیرت کی بات یہ ہے کہ سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ ہمارے دانشور اور ٹیکنو کریٹ بھی کوئی حل نکالنے کے بجائے ہمیں ہمہ وقت بُری بُری خبروں سے ڈرانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے بالخصوص معاشی تجزیہ کاروں کی موشگافیاں غیر جانبدار آدمی کو چکرا کر رکھ دیتی ہیں کہ اگر 2018میں حکومت ٹھیک ٹھاک چل رہی تھی تو بعد میں آنے والی حکومت نے ”مرگئے مرگئے“ کا شور کیوں مچایا اور اگر بقول عمران خان معاشی سطح پر اس نے ملک کو محفوظ علاقے میں چھوڑا تھا تو چند ہی مہینوں میں ڈیفالٹ تک کیسے نوبت آگئی؟ چونکہ یہ معاملہ میری ناقص سمجھ سے بالکل ہی باہر ہے اس لئے میں واپس جاتے اور آتے ہوئے برسوں کے نقطہئ اتصال پر آتا ہوں اگر آپ کو ان دونوں کی شعری مثالوں میں ان سوالات کا کوئی جواب نظر آجائے تو اس کا کریڈٹ آپ کی بصیرت کو جائے گا تو پہلے سال کے خاتمے پر پیدا ہونے و الی کیفیات پر ایک نظر۔۔۔

کیا عجب رات ہے یہ
اپنے آئندہ و رختہ کے خم و پیچ میں گُم
سال کی آخری شب
سال کی آخری شب
جس کے ماتھے پہ لکھا رکھا ہے
جاچکے سال کے پَل پَل کا حساب
بختِ خوابیدہ کی ہم راہی ہیں
جاگتی آنکھ کے خواب
کورے کاغذ کی طرح جس کی سحر
اب نئے سال کے ایوان میں حاضر ہوگی
لے کے ایک اورکتاب

کالم کی گنجائش میں کمی کی وجہ سے میں اسی ابتدائی بند پر اکتفا کرتا ہوں کہ مجھے اصل میں نئے سال پر بات کرنی ہے کہ اس میں نہ صرف ہر برس کے آخری دن جمع ہوگئے ہیں بلکہ اس میں کچھ ایسااستفسار بھی ہیں جنہیں اگر حالات حاضرہ پر منطبق کرکے دیکھا جائے تو اس کالم کا عنوان یعنی ”نیا سال نیا کیسے ہو؟“ کا ایک رُوپ بھی ایک حل کے امکانات سے متصل دکھائی دے سکتا ہے سو آیئے اس سے مکالمہ کرکے دیکھتے ہیں۔

نئے سال کی پہلی نظم
چلو کچھآج حسابِ زبانِ حال کرلیں
الم شمار کریں۔ درد آشکار کریں
گِلے جو دل کی تہوں میں ہیں آبلوں کی طرح
انہیں بھی آج شناسائے نوکِ خار کریں

جو بے وفا ہو اُسے بے وفا کہیں کُھل کر
حدیثِ چشم و لبِ سوختہ کہیں کُھل کر
کہاں تلک یہ تکّلم زمانہ سازی کے
پسِ کلام ہے جوکچھ ذرا کہیں کِھل کر

خنک خنک سی ہنسی ہنس کے مل رہے ہوکیوں
لہو ہے سرد تو آنکھیں بھی منجمدکر لو
جو دل میں دفن ہے چہروں پہ اشتہار کریں
الم شمارکریں۔ دردِ آشکار کریں

تمہارا میرا تعلق بس ایک لفظ کاہے
لُغت کے انت میں سمٹا ہوا فقط اک لفظ
اس ایک لفظ میں سچائی ہے زمانوں کی
چلوکہ آج یہی لفظ اختیار کریں
تمام عمر پڑی ہے منافقت کے لئے
اس ایک لفظ کا دامن نہ داغدارکریں
الم شمارکریں۔ دردِ آشکار کریں
چلوکچھ آج حسابِ زیانِ جاں کریں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *