سیّدعلی گیلانی اورسردارعطا اللہ مینگل۔امجداسلام امجد

سیّدعلی گیلانی اورسردارعطا اللہ مینگل۔امجداسلام امجد

سیّدعلی گیلانی اورسردارعطا اللہ مینگل

دنیا کو نظر آتا ہی کشمیر نہیں کیا
اس خواب کی تقدیرمیں تعبیر نہیں کیا
نقاشِ ازل ایک نظر اس کی طرف بھی
وادی یہ کسی زخم کی تصویر نہیں کیا
بے نور ہوئے جاتے ہیں آنکھوں کے جزیرے
ظالم کا یہاں کوئی عناں گیر نہیں کیا
دیکھو تو سہی شان ذرا اہلِ وفا کی
زیور کی طرح پاؤں میں زنجیر نہیں کیا
وہ جنتِ ارضی کہ جو مقتل کی طرح ہے
اے اہلِ نظر، وادیِٗ کشمیر نہیں کیا!

اگرچہ مختلف اوقات میں کئی ذرائع سے سیّد علی گیلانی مرحوم کی شفقت اور تحسین مجھ تک پہنچتی رہی ہے لیکن چندقبل برس لکھے گئے ان اشعار کو پڑھنے کے بعد اُن کی محبت میں دعاؤں کاجو اضافہ ہوا وہ میرے لئے کسی قیمتی سرمائے سے کم نہیں اور یوں میرے لئے اُن کی رحلت ایک قومی اور ملّی المیئے کے ساتھ ساتھ ایک ذاتی سانحہ بھی ہے جس میں اُن سے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کی نسبت بھی ہے کہ وہ بھی وہیں کے فارغ لتحصیل تھے یوں تو اُن کی ساری زندگی ہی تحریکِ آزادی کشمیر کے لئے جدوجہد کرتے گزری جس کے لئیے وہ اسمبلی میں عوامی نمائندگی کے ساتھ بار ہا نظر بندی اور قیدوبند کی صعوبتوں سے بھی گزرے مگرایک صحافی اور قلم کار کی حیثیت سے بھی اُن کاکام بہت قابلِ قدر ہے کہ ایسے پُرآشوب حالات میں بھی نہ صرف انہوں نے تیس سے زیادہ کتابیں لکھیں بلکہ تقریر کے میدان میں ھی پیش پیش رہے کہ ان کے خطاب کے بغیر آزادی کشمیر کے حوالے سے کوئی بھی جلسہ مکمل نہیں ہوسکتا تھا بڑھاپے میں بھی ان کی جرات، حوصلہ مندی اور للکار جوانوں کو شرماتے تھے اُن کی زندگی کے آخری دس بارہ برس نظر بندی تحریر و تقریر کی پابندی اور بیماریوں سے لڑتے گزرے۔

1972ء سے 1987ء کے درمیان وہ تین مرتبہ اسمبلی کے ممبر بنے جہاں بھارت نواز لوگوں کی کثرت کے باوجود انہوں نے نہ صرف بھارتی قبضے کو کھل کر ناجائز کہا بلکہ سر عام پاکستان سے الحاق کے نعرے بھی بلند کرتے رہے وہ جماعتِ اسلامی سے تعلق رکھنے والے اُن چند گنتی کے سیاستدانوں میں سے ایک تھے جنہوں نے مولانا مودودی سے دینی علوم کے ساتھ ساتھ ہمت پامردی اور استقلال کا سبق بھی لیا بھارتی سیاسی چالبازیوں اور کئی پاکستانی حکومتوں کی کمزوریوں کے باعث اور بالخصوص سقوطِ ڈھاکہ کے بعد مقبوضہ کشمیر کی نوجوان نسل میں جب تھرڈ آپشن یعنی آزاد اور خود مختار کشمیر کو ایک علیحدہ ملک کے طور پر قائم کرنے کی تحریک نے زور پکڑا تو یہ سیّد علی گیلانی ہی تھے جنہوں نے کھل کر اس کے پاکستان سے الحاق کا نعرہ بلند کیا۔کُل جماعتی حُریت کانفرنس کے قیام کے بعد وہ ہمیشہ اس کے پلیٹ فارم سے بھارتی تشدد کی مذمت اور آزادی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز قیادتوں کے برعکس اپنے اس موقف سے کبھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

1981ء میں ایک نئے قائم کردہ مقدمے کے تحت اُن کا پاسپورٹ ضبط کرلیا گیا اور گزشتہ چالیس برس ایک حج کے سفر کے سوا انہیں کہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی انہیں ماضی قریب کے انقلابی اور مزاحمتی رہنماؤں فیدل کاسترو ہوچی منہ، نیلسن منڈیلا، ریمون میگ سائے سائے اور امام خمینی جیسی عالمی شہرت تو بوجوہ شائد نہ مل سکی ہو مگر جب بھی کشمیر اور کشمیریوں کوآزادی ملی اس ضمن میں جتنے بھی ناموں کو اس کا کریڈٹ دیا جائے یقینا اُن میں سب سے پہلا اور اہم ترین نام سید علی گیلانی ہی کا ہوگا۔

اتفاق سے انہی دنوں میں جدا ہونے والے بلوچستان کے ایک بہت بڑے سیاستدان سردار عطا اللہ مینگل نے بھی سید علی گیلانی کی طرح 92برس کی عمر ہی پائی فرق صرف یہ ہے کہ سردار عطا اللہ مینگل چند برس قبل بڑھاپے، علالت اور بلوچستان کے بعض مخصوص سیاسی مسائل اور مرکز سے ناراضی کے باعث سیاست سے الگ ہوکر گوشہ نشین ہوگئے تھے اور اب اُن کے قبیلے اور سیاسی نظریات کی نمائندگی اُن کے صاحبزادے سردار اختر مینگل کر رہے تھے جبکہ سید علی گیلانی کو بھارتی حکومت نے زبردستی اُن کے گھر میں نظر بند کر رکھا تھا۔

بلوچستان میں سرداری نطام اگرچہ انگریز کے زمانے سے پہلے کا چلا آرہا تھا مگر اس میں تمام تر غربت اور کم وسائل کے باوجود پنجاب کے جاگیردارانہ اور سندھ کے وڈیرہ شاہی نظام جیسی غلامانہ ذہنیت نہ ہونے کے برابر تھی یہی وجہ ہے کہ پاکستان بننے کے فوراً بعد ان طبقوں نے جانے والے انگریز کی جگہ اُس کے بنائے طبقاتی نظام کے تحت نہ صرف بدلتے ہوئے حالات سے سمجھوتہ کرلیا بلکہ بہت بے شرمی اور ڈھٹائی کے ساتھ عوام کے نام پر لوٹ مار کے پروگرام میں شریک ہوگئے اقبال نے کہا تھا۔

فطرت کے مقاصد کی کرتا ہے نگہبانی
پابندہٗ صحرائی یا مردِ کہستانی

تو ہوا یہ کہ اپنی عددی اکثریت اور وسائل کی نسبتاً کثر ت کے باعث مرکز میں بننے والی حکومتوں نے ایک مخصوص پروگرام کے تحت بلوچستان کے سرداروں کو بھی یا تو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی یا انہیں اُن کے حال پر چھوڑ دیا سو ہم نے دیکھا کہ خان آف قلات ہوں یا مینگل، مری، بگٹی اور دیگر قبائل کے سردار یہ جزوی طور پر تو مرکز کے ساتھ ملتے جلتے رہے مگر ان میں قدیم سرداری نظام کے رسیا اور جدید تعلیم اور نظریات کے حامل اوردو واضح گروپ بنتے چلے گئے لیکن دونوں میں قبائلی عصبیت، صاف گوئی، بہادری اور اپنی پہچان اور حقوق کی حفاظت ہمیشہ مشترکہ اوصاف کی صورت میں قائم رہے اور دونوں طرف سے مناسب معاملہ فہمی نہ ہونے کے باعث معاملات سلجھنے کے بجائے اُلجھنا شروع ہوگئے اور ہم نے دیکھا کہ ایک طرف سردار عطا اللہ مینگل صوبے کے مختارِ کل ہوتے ہیں اور دوسری طرف انہیں شہر یا ملک چھوڑ کر مسلح جدوجہد اور قیدوبند کا رستہ اپنانا پڑتا ہے سردار عطا اللہ مینگل کی سرداری اُن کی بڑائی کی واحد وجہ نہیں تھی وہ ایک بہت تعلیم یافتہ، سمجھدار، باشعور اور بالغ نظر انسان ہونے کے ساتھ ”جس دھج سے کوئی مقتل کو گیا“ کے رموز سے بھی آشنا تھے ایسے لوگ جس عزت اور توجہ کے مستحق ہوتے ہیں اگر وہ اُن کو صحیح طرح سے نہ دی جائے تو ان کی شخصیت کے کئی جوہر بہت حد تک ضائع ہوجاتے ہیں۔

 
اپنے اگر کسی غلطی یا غلط فہمی کی وجہ سے ناراض ہوجائیں تو اُن سے منطق اورقانون کی موشگافیوں کے بجائے محبت، وضعداری، برداشت اورسب کے لئے خیر کے اندا ز میں بات کرنے کا رویہ ہی فاصلوں کو کم کرسکتا ہے میرے نزدیک سردار عطا اللہ مینگل کی زندگی اپنے تمام تر تضادات سمیت ایک بہادر آدمی کی زندگی تھی جس سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔ ربِ کریم سید علی گیلانی اور سردار عطا اللہ مینگل کی رُوحوں کو اپنی امان میں رکھے اور اُن کے درجات کو بلند فرمائے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *