شین وارن اور راڈنی مارش
آج کل آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے اورعمومی تجزیوں کے برخلاف پہلے ٹیسٹ کی حد تک پاکستانی ٹیم نے بہت ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور غالباً یہ ہماری تاریخ کی حد تک پہلا موقع ہے کہ ٹیم نے کسی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں سنچری اوردوسری میں ڈبل سنچری کی اوپننگ پارٹنر شپ کی ہے لیکن اس وقت میں اس بات کو یہیں چھوڑوں گا کہ انہی دنوں میں ایک ہی دن آسٹریلیا کے دو عظیم سابق کرکٹر شین وارن اور راڈ مارش اس دنیا سے پردہ کرگئے انتقال کے وقت شین وارن کی عمر 52برس کی تھی اور راڈ مارش اپنے چوہترویں سال میں تھے۔
شین وارن ٹیسٹ وکٹوں کے اعتبار سے سری لنکا کے مرلی دھرن کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے لیکن جن بڑے کھلاڑیوں نے اِن دونوں کے خلاف کھیلا ہے وہ سب کے سب شین وارن کو پہلے نمبر پر رکھتے ہیں کہ معیار اور خطرناکی کے اعتبار سے وہ مُرلی دھرن سے کہیں آگے تھا اُس نے لیگ اسپن میں جو کرشمے دکھائے ہیں بلاشبہ وہ اپنی مثال آپ ہیں اگرچہ وہ پاکستانی اسپنر مرحوم عبدالقادرکو ایک طرح سے اپنا استاد مانتا تھا مگر عبدالقادر کو نہ تو اس کے برابر مواقع مل سکے اور نہ ہی تسلسل کہ اُس کے دورمیں مخالف ٹیموں کو میچ میں دو بار آؤٹ کرنے کی ذمہ داری زیادہ تر فاسٹ بالرز اُٹھاتے تھے۔
شین وارن مزاج کے اعتبار سے ایک شوریدہ سر، رنگین مزاج اور قدرے بے ترتیب واقع ہوا تھا اور غالباً اُس کی اسی شوریدہ سری اور من موجی پن کی وجہ سے ہی اُسے ٹیم کا سب سے اہم کھلاڑی ہونے کے باوجود کبھی کپتان نہیں بنایا گیا وہ بنیادی طور پر رِسٹ سپنر تھا یعنی فنگر سپنرز کے برعکس وہ انگلیوں اور ہاتھ کے ساتھ ساتھ اپنی کلائی کا بھی بھرپور استعمال کرتا تھا یہی وجہ ہے کہ اکثر اوقات اس کا لیگ سائیڈ پر وائڈ کی حد تک باہر گِرا ہوا بال بھی اس قدر تیزی سے بریک ہوتاتھا کہ مائک گیٹنگ سمیت اکثر بہت ماہر بلے باز بھی بال کو چھوڑتے یعنی Leave کرتے ہوئے ٹانگوں کے پیچھے سے بولڈ ہوجاتے تھے آج کل فیس بک پر اٰس کے ایسی ہی کئی طلسماتی بالز کی ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں اُس نے اپنے پندرہ سالہ ٹیسٹ کیریئر میں جو سات سو وکٹ لئے اُن میں سے بیشتر کو آج تک بھی یہ پتہ نہیں چل سکا کہ وہ کیسے آؤٹ ہوئے تھے وہ صحیح معنوں میں اپنے فن کے حوالے سے ایک جادوگر تھا اور ایمانداری کی بات یہی ہے کہ آج کل جاری جس ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کا نام رچی بینو اور عبدالقادر کے نام پر رکھا گیا ہے وہاں بینو کی جگہوارن کا نام ہونا چاہیئے تھا اگرچہ بینو یقینا آسٹریلیا کے بہت کامیاب کپتان، عمدہ لیگ اسپنر اور انتہائی پسندیدہ تجزیہ کار اور کمنٹیٹر رہے ہیں مگر جہاں تک بالنگ کی مہارت، معیار اورریکارڈز کا تعلق ہے شین وارن ان سے بہت بلند رتبے کا حامل تھا ایک دوست نے رائے دی کہ شائد اس کی وجہ ان دو بڑے کھلاڑیوں کو اُن کی موت کے بعد تعظیم دینے سے ہو کہ اس وقت ا بھی شین وارن زندہ تھے۔ مجھے کچھ ایسے پاکستانی کرکٹرز سے اس کے بارے میں بات کرنے کا موقع ملا ہے جنہوں نے اُسے کھیل کے میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہوں پر دیکھا ہے اُن سب کا یہی کہنا ہے کہ وہ بہت بہادر سمجھ دار اور لڑاکا کھلاڑی تھا اور میدان میں مخالفین سے باقاعدہ دشمنوں کی طرح پیش آتا تھا مگر اپنی عام زندگی میں وہ بہت زندہ دل، دوست دار اور کُھلا ڈُلا آدمی تھا شراب، جُواا ور عورت تینوں اُس کی کمزوریوں میں شامل تھے مگر ان کی حد کھیل کا میدان شروع ہوتے ہی ختم ہوجاتی تھی۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ ہمیشہ خبروں میں ر ہا کہ وہ منہ پھٹ ہونے کی حد تک صاف گو تھا۔
وکٹ کیپنگ کرکٹ کا وہ شعبہ ہے جسے Thank less کا نام دیا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ وکٹوں کے پیچھے کھڑا ہونے والا یہ شخص ایک لمحے کیلئے بھی Relax نہیں ہوسکتا پورے میچ میں سینکڑوں کی تعداد میں بال روکنے کے باوجود اس کے گلوز میں ٹھیک سے نہ آتے ہوئے دو تین بال اُس کی ساری محنت پر پانی پھیر دیتے ہیں اور اگر کہیں اُس سے کوئی ایک آدھ کیچ چُھوٹ جائے تو اس کے درجنوں خوب صورت اور شاندار کیچ کسی کو یاد نہیں رہتے۔
راڈ مارش کا شمار ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباًڈیڑھ سو سالہ تاریخ کے دس بہترین وکٹ کیپرز میں ہوتا ہے وہ آسٹریلیوی کرکٹرز کی مخصوص جارہانہ روش کا ایک مکمل ماڈل تھا جب تک کھیلتا رہا کوئی بھی وکٹ کیپر اُسے اُس کی جگہ سے ہلا نہ سکا لیکن جو کام اس نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد کرکٹ اکیڈمی کے حوالے سے کیا ہوا اس کا کام، معیار اور انداز ایسا شاندار ہے کہ گزشتہ تیس پینتیس برس میں آسٹریلیا کے بیشتر نامور کرکٹر اُس کی ہی اکیڈمی کے پروردہ اور تربیت یافتہ ہیں اطلاعات کے مطابق وہ سات آٹھ سال کی عمر کے بچوں سے اپنی ٹریننگ کا آغاز کرتا تھا اور پھر اُن میں سے جو بچے اپنے فطری رجحان اور محنت کی وجہ سے اپنے آپ کو منوا لیتے اُن کو وہ اگلے درجے تک لے جاتا اور اسی طرح کی دو تین ترقیوں کے بعد وہ بچ جانے والے منتخب بچوں کو کھیل ایک پیشے کے طور پر سکھاتا یعنی وہ اپنی بقیہ زندگی اور معیشت کو کھیل ہی سے وابستہ کر لیتے اور یوں کھیل Passion کے ساتھ ساتھ اُن کا Profession بھی بن جاتا۔
اُس نے بیک وقت دنیا کے تیز ترین بالرز کے ساتھ شین وارن جیسے بہت مشکل بالزرڈینس للی اورجیف تھامسن کو بھی بھگتایا نہ صرف وہ ایک غیر معمولی وکٹ کیپر تھا بلکہ لوئر آرڈرمیں بیٹنگ کرتے ہوئے اس نے اپنی ٹیم کو کئی دفعہ مشکلات سے نکالا اور لمبے سکور بھی کئے۔ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کی اس دنیا سے رخصت بلاشبہ آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے لئے بھی ایک بہت بڑا نقصان ہے کہ ایسے لوگ
اقبالؔ کے اس شعر کی تفسیر جیسے ہوتے ہیں کہ
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتاہے چمن میں دیدہ ور پیدا
Leave a Comment